غزہ : الشفا اسپتال سے اجتماعی قبر دریافت، دوسرے علاقے میں ملبے تلے دبی مزید 20 لاشیں برآمد

235

مقبوضہ بیت المقدس: غزہ کے الشفا اسپتال سے ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جب کہ محصور پٹی کے دوسرے علاقے سے ملبے تلے دبی مزید 20 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق الشفا اسپتال سے دریافت ہونےو الی قبر سے ملنے والی لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے، جس میں اسپتال میں داخل مریضوں، اسپتال کے عملے، ڈاکٹروں اور نرسوں کے جسد خاکی ہیں۔ الجزیر ہ ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الشفا اسپتال کو 2 ہفتوں تک اسرائیلی فوج نے قبضے میں لیے رکھا تھا، جہاں سے ایک بڑی اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے۔

خدشہ ہے کہ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے اسرائیلی فوج کے قبضے کے دوران انتقال کرنے والے مریضوں کو یا پھر انہیں اسرائیلی فوج نے قتل کرکے ایک ہی اجتماعی قبر بنا کر دفنا دیا تھا۔ فلسطینی ڈاکٹروں کے مطابق اجتماعی قبر سے مریضوں، نرسوں سمیت دیگر کی لاشیں برآمد ہوئیں جن میں سے کچھ کی شناخت ہوئی ہے اور اُن پر علامت چسپاں کردی گئی ہے۔

دوسری جانب غزہ کے شمالی حصے کی پٹی میں مٹی اور ریت کے ڈھیروں تلے دبی مزید 20 لاشیں ملی ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب لوگ ایک چوکی سے گزر رہے تھے اور انہیں اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

علاوہ ازیں فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وسطی غزہ میں مغازی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 11 افراد شہید ہوگئے جن میں سے بیشتر بچے ہیں۔ جب کہ حملے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔مشرقی غزہ کے علاقے طفح میں اسرائیلی فورسز نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس افسران سمیت 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔