غزہ: ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید کیا جا رہا ہے یا زخمی، یونیسیف

274

نیویارک: اقوام متحدہ کی بچوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم یونیسیف نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچے کو شہید کیا جا رہا ہے یا زخمی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی دہشت گردی کا شکار فلسطینی محصورپٹی غزہ کا دورہ کرکے واپس آنے والی یونیسیف کی نمائندہ نے جنیوا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کس طرح غزہ کے بچوں کا شکار کررہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر سے فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں اب تک صرف غزہ میں 12 ہزار سے زیادہ بچوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ غزہ میں ہر روز تقریباً 70 بچے زخمی ہو رہے ہیں۔ غزہ سے مریضوں کے انخلا کو بڑھانے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔

یونیسیف کی نمائندہ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے بچوں کے چہرے مسلسل جنگ کی خوفناک تصویر کی عکاسی کر رہے ہیں، غزہ کے بچوں کو معذوری اور موت سے بچانے کا واحد راستہ پائیدار جنگ بندی ہے۔