انسانی چہرے کے تاثرات کی نقل اتارنے والا روبوٹ

454

سان فرانسسکو: سائنس دانوں نے انسانی چہرے کے تاثرات کی نقل اتارنے والا ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جسے دیکھ کر آپ خود حیران ہو جائیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ منفرد روبوٹ انسانی چہرے کے تاثرات کو بعینہ نقل کر سکتا ہے۔ سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ آپ کی نقل کرنے والے اس روبوٹ سے مل کر آپ ایک دلچسپ تجربے سے گزریں گے کیوں کہ یہ کئی افراد کے لیے متاثر کن ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ کئی دیگر کے لیے حیرانی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

کولمبیا یونیورسٹی امریکا کے سائنس دانوں کا بنایا ہوا ایمو روبوٹ کئی خصوصیات کا حامل ہے۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ اس کی آنکھوں میں 2 کیمرے لگائے گئے ہیں، جو اپنے سامنے کھڑے شخص کے چہرے کے تاثرات کو پڑھتے ہیں اور پھر اسی جیسا عمل کرکے دکھاتے ہیں۔

یہ روبوٹ خود میں نصب الگورتھم کو استعمال کرکے سامنے کھڑے شخص کے چہرے کے تاثرات کو کاپی کرتے ہیں۔ تحقیقی مقالے میں بتایا گیا کہ انسانی چہرے پر معمولی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرکے روبوٹ 839 ملی سیکنڈ میں انسانی مسکراہٹ سے قبل ہی خود مسکرانے لگتا ہے۔

اس میں موجود 26 سنسر بھی اسے انسانی تاثرات کو شناخت کرکے چہرے پر سجانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق انسانی تاثرات کی پیشگوئی کرنے کی صلاحیت روبوٹس اور انسانوں کے درمیان تعلق کے حوالے سے بڑی پیشرفت ہے، عام طور پر روبوٹس انسانوں کو سمجھنے کے لیے ڈیزائن نہیں کیے جاتے۔