کراچی:  گندم سستی ہونے کے باوجود عوام مہنگی روٹی خریدنے پر مجبور

300

  کراچی: پنجاب کے بعد کراچی میں بھی گندم کی قیمت میں واضح کمی آئی ہے، عوام مہنگی روٹی خرید کر اپنا پیٹ بھرنے پر مجبور ہیں، شہر میں تندور کی روٹی بدستور 25  سے 30روپے اور چپاتی 15 روپے کی فروخت ہورہی ہے۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق ایک ماہ کے دوران آٹے کی قیمت میں 19 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نان بائیوں اورتندور مالکان کو روٹی 15 روپے کی فروخت کرنی چاہیے، لیکن سندھ حکومت کوئی اقدامات کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم  کا کہنا ہے کہ رمضان سے اب تک ہول سیل میں آٹے کی قیمت 122 روپے سے گر کر 104 روپے فی کلو گرام پر آچکی ہے،آٹے کے سرکاری قیمت زیادہ ہے جبکہ مارکیٹ میں آٹا سستا فروخت ہورہا ہے۔

دوسری جانب تندور مالکان کا کہنا  تھا کہ گندم کی قیمت میں کمی ضرور ہوئی ہے، لیکن گیس کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں ، جس کی وجہ سے روٹی کی قیمت کم کرناممکن نہیں ہے، ابھی جس قیمت پر روٹی فروخت کررہے ہیں ، اس میں بھی بڑی مشکل سے بچت ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں آتے کی قیمت میں کمی ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے روٹی کی سرکاری کی قیمت 16 روپے مقرر کی ہے، اس سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب حکومت کارروائی کرکے کئی ہزار کے جرمانے کرچکی ہے۔