زبردستی حکومت میں آنے والے عوام کوتحفظ فراہم کرنےمیں ناکام ہیں، منعم ظفر

1329

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری جنرل منعم ظفر خان  کاکہنا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ اور اعلیٰ پولیس افسران عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے کے بجائے کراچی میں جلد جرائم کے خاتمے کے بیانات دے کر غیر محفوظ عوام اور متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔

منعم ظفر نے کہاکہ سندھ حکومت نے عوام کو مسلح ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، شہر میں لاء اینڈ آرڈر اور حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں،حد تو یہ ہے کہ ڈاکوؤں نے مسجد کے امام اور مؤذن کو بھی نہیں بخشا،لوٹ مار اور جرائم کا پورا ایک نیٹ ورک چل رہا ہے، ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں خود پولیس اہلکار ملوث پائے گئے ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ پولیس کی بھاری نفری وی آئی پی موومنٹ، ایم این ایز، ایم پی ایز اور اعلیٰ افسران کی حفاظت میں لگی ہوئی ہے، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور زبردستی مسلط کی گئی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ شہریوں کی جان ومال کو تحفظ، مسلح ڈاکوؤں اور جرائم کے خلاف جلد بھر پور احتجاجی تحریک چلائیں گے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا بھی دیں گے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، ان کی سرپرستی کرنے والے خود حکومت اور محکمہ پولیس میں موجود ہیں، پولیس میں سوائے تبادلوں اور تھانوں کی خرید و فروخت کے اور کیا ہو تا ہے،پولیس کی سرپرستی کے بغیر جرائم پیشہ عناصر ہرگز نہیں پنپ سکتے۔