کم سونا دردِ شقیقہ کی بڑی وجہ ہے، طبی ماہرین

271

واشنگٹن: طبی ماہرین نے تازہ تحقیق کے نتائج سے اخذ کیا ہے کہ کم سونا یعنی کم نیند لینا دردِ شقیقہ کی دیگر وجوہات کے ساتھ ایک اہم وجہ ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحقیق کاروں نے اپنے نئے تجربے میں نیند کی کمی اور دردِ شقیقہ کے درمیان تعلق کا پتا چلاہا ہے، جس کے بعد ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ایسے افراد جو بھرپور نیند لیتے ہیں، وہ دردِ شقیقہ کے حملوں سے زیادہ محفوظ رہ سکتے ہیں۔

تحقیقی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دردِ شقیقہ کے متاثرین کو نیند میں خلل یا بے خوابی جیسی شکایات ہوتی ہیں جن میں سونے میں دقت، نیند کا خراب معیار، دن میں ضرورت سے زیادہ نیند آنا، نیند سے جلد بیدار ہوجانا اور درد شقیقہ کی وجہ سے سونے پر مجبور ہوجانا شامل ہیں۔

ریسرچ پروفیسر نے اس سلسلے میں بتایا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں تھا کہ درد شقیقہ کی وجہ سے نیند خراب ہوتی ہے یا اس کا الٹ ہے۔ لیکن یہ بات کافی عرصے سے تسلیم کی جاتی رہی ہے کہ نیند اور درد شقیقہ کے درمیان تعلق ضرور موجود ہے۔

ماضی میں جس طرح سے اس حوالے سے تحقیق کی گئی وہ مریض کی اپنی اطلاعات پر مبنی تھی جو کہ موضوعی (subjective) حیثیت رکھتی ہے۔ اب ہم نے نیند کو مقداری طریقے سے (quantitatively) ناپا ہے اور پایا ہے کہ صرف درد شقیقہ ہی نیند کو متاثر نہیں کرتا بلکہ اگر آپ کی نیند میں خلل پڑتا ہے تو یہ بھی درد شقیقہ کے مریض میں سردرد کو بڑھا سکتا ہے۔