کراچی میں لاء اینڈ آرڈر و حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، رہنما جماعت اسلامی

345

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری جنرل منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کو مسلح ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، شہر میں لاء اینڈ آرڈر اور حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں، کراچی میں نہ صرف رمضان المبارک میں مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں 18افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں بلکہ عید کے موقع پر بھی ڈاکوؤں نے ایک نوجوان کو قتل کردیا اور کئی شہریوں کو لوٹا۔

عید الفطر  کے بعد بھی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے اضافے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ  حد تو یہ ہے کہ ڈاکوؤں نے مسجد کے امام اور مؤذن کو بھی نہیں بخشا، صوبائی وزیر داخلہ اور اعلیٰ پولیس افسران عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے کے بجائے کراچی میں جلد جرائم کے خاتمے کے بیانات دے کر غیر محفوظ عوام اور متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ   لوٹ مار اور جرائم کا پورا ایک نیٹ ورک چل رہا ہے، ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں خود پولیس اہلکار ملوث پائے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری وی آئی پی موومنٹ، ایم این ایز، ایم پی ایز اور اعلیٰ افسران کی حفاظت میں لگی ہوئی ہے، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور زبردستی مسلط کی گئی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   شہریوں کی جان ومال کو تحفظ، مسلح ڈاکوؤں اور جرائم کے خلاف جلد بھر پور احتجاجی تحریک چلائیں گے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا بھی دیں گے۔