افغانستان میں موسلادھار بارش، سیلاب سے 33 افراد جاں بحق

258
heavy rains

کابل: افغانستان میں گزشتہ تین روز کے دوران موسلادھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد جاں بحق اور 27 سے زائد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کی حکومت کے محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ترجمان جانان صائق نے کہا کہ ملک میں گزشتہ تین روز کے دوران عوام کا بھاری نقصان ہوا، جس میں 33 افراد جاں بحق ہوگئے، گزشتہ دنوں شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیلاب سے 33 افراد کی جان چلی گئی اور مزید 27 افراد زخمی ہوئے ہیں، اکثر ہلاکتیں گھروں کی چھتیں بیٹھنے سے ہوئی ہیں، اسی دوران 600 گھروں کو نقصان پہنچا ہے یا مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں، 600 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئی ہیں اور اسی طرح 2 ہزار ایکڑ زرعی زمین بھی سیلاب کے زیر آگئی ہے۔

خیال رہے کہ  افغانستان کے 34 میں سے 20 صوبوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے جبکہ اس سے قبل غیرمتوقع طور پر خشک موسم تھا، جس کی وجہ سے کسانوں کو اپنے کام شروع کرنے میں تاخیر کرنا پڑی تھی اور خشک سالی کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔