نیوزی لینڈ کے 2 اہم کھلاڑی دورۂ پاکستان سے قبل ٹیم سے آؤٹ

325

نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دورہ پاکستان سے قبل 2 اہم کھلاڑیوں کے اسکواڈ سے آؤٹ ہونے کا سامنا کرنا پڑ گیا، جن کی جگہ دوسرے 2 کھلاڑیوں کو ٹی 20 سیریز کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین شیڈول ٹی 20 سیریز کےلیےپاکستان آنے سے قبل ہی مہمان ٹیم کے کھلاڑی فن ایلن اور ایڈم ملنے سیریز سے باہر ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آج سے پاکستان کا سفر شروع کرے گی۔

فن ایلن اور ایڈم ملنے ٹریننگ سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فن ایلن کمر اور ایڈم ملنے ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے دونوں اہم کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں دستیاب ہونے سے قاصر ہیں۔

دریں اثنا ان دونوں اہم کھلاڑیوں کے متبادل کے طور پر وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل اور آل راونڈر زیک فاولکس کو پاکستان آنے کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ زیک فولکس پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بن رہے ہیں جب کہ ٹام بلنڈل نے گزشتہ برس بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹینڈ کا کہنا ہے کہ روانگی سے قبل کرکٹرز کا اان فٹ ہونا بدقسمتی کی بات ہے۔ دونوں کرکٹرز گزشتہ ورلڈ کپ سے ہمارے لیے ٹی 20 میں اچھے پرفارمرز رہے ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے 9 ٹاپ کرکٹرز پہلے ہی آئی پی ایل کی وجہ سے پاکستان کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ ٹی 20 سیریز کے لیے مہمان ٹیم 14 اپریل (اتوار) کی صبح اسلام آباد پہنچے گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 3 میچز کی میزبانی پنڈی اور 2 کی لاہور کرے گا۔