غزہ سے یکجہتی کی عید

358

امت مسلمہ آج نہایت غم کے ماحول میں عیدالفطر منارہی ہے ایک طرف غزہ میں مسلمان اپنے پیاروں کے لاشے دفنارہے ہیں تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے زخمیوں کو نکال رہے ہیں یا بچا کچا سامان تلاش کررہے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی افواج مسلمانوں پر مظالم کررہی ہیں۔ برما میں ارکان مسلمان ظلم کا نشانہ ہیں بنگلادیش میں اسلام کا نام لینا جرم بنادیا گیا ہے اور تو اور پاکستان میں قوم مہنگائی اور ٹیکسوں کی چکی میں پس رہی ہے اس پر متزاد یہ کہ عید کی شام تک رہزنوں نے اپنے ہاتھ نہیں روکے بلکہ ہر روز دو چار دو چار افراد رہزنوں کے ہاتھوں شہادت پارہے ہیں ان حالات کے باوجود امت مسلمہ عیدالفطر تو منارہی ہے لیکن اس مرتبہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی نئے انداز میں کی جارہی ہے۔ الخدمت نے عیدالفطر کی نماز کے موقع پر فلسطینی پرچم کا مفلر لپیٹنے کی اپیل کی تھی چاند رات تک پورے ملک میں لاکھوں کی تعداد میں مفلر فروخت ہوچکے ہیں اور یہ رضاکارانہ طور پر بھی دیئے جارہے ہیں۔ امت اپنے حصے کا کام تو کررہی ہے یہ غزہ سے یکجہتی کی عید ہے حکمرانوں کے ذمے جو کام ہے وہ کردیں تو اس روز امت کی عید ہوجائے گی۔ اسرائیل بھارت اور دوسرے ظالموں کے ظلم پاکستان میں مہنگائی اور ڈاکوئوں کے باوجود باہمت قوم کو عید منانے پر مبارک باد۔