امارات: 24 قیراط سونے سے تیار کیے گئے کرنسی نوٹ

463

ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں بیش قیمت 24 قیراط سونے سے کرنسی نوٹ تیار کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ یو اے ای کے کارباری مرکز دبئی میں اصل جیسے لگنے والے سونے کے دل کش کرنسی نوٹ تیار کیے گئے ہیں، تاہم یہ کاغذ نہیں بلکہ 24 قیراط سونے سےبنائے گئے ہیں۔

کرنسی نوٹ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے دبئی کے جیولر راہل ساگر نے بتایا کہ یہ منفرد کرنسی نوٹ 0.1 گرام سونے سے بنایا گیا ہے، جس پر دبئی کی عمارات کی تصویر بنائی گئی ہے اور اس نوٹ کا سیریل نمبر بھی دیگر نوٹوں کے مقابلے میں بہت منفرد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس انوکھے خیال کا مقصد متحدہ عرب امارات کی ثقافت میں سونے سے جڑی روایات کو یادگار بنانا ہے۔

واضح رہے کہ بظاہر کرنسی نوٹ نظر آنے والا یہ شاہکار اصلی نوٹ نہیں ہے، اسے صرف ایک تحفے کے طور پر خریدا جا سکتا ہے۔ اس منفرد کرنسی نوٹ کو آن لائن فروخت کےلیےبھی پیش کردیا گیا ہے، جس کی قیمت 159 اماراتی درہم مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 12 ہزار روپے سے زائدبنتی ہے۔