پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن جون تک مکمل ہو جائے گی، وزیر خزانہ

217

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی پرائیویٹائزیشن جون تک مکمل ہو جائے گی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قومی ائرلائن کی پرائیویٹائزیشن کے معاملات بہتر انداز میں چل رہے ہیں اور جون تک نجکاری کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ڈیجیٹائز کرکے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ایف بی آر کے ٹریکنگ سسٹم کی بہتری کے لیے کام جاری ہے، اس کے نتیجے میں محصولات میں اضافہ ہوگا۔

اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز قائم ہوئے۔ اس حوالے سے فرخ خان اور ڈاکٹر شمشاد اختر مبارک باد کے مستحق ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالی سال 2024-25 کے حالات گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہیں۔ نگراں حکومت نے اچھے انداز سے معیشت کو سنبھالا ہے۔ موجودہ حکومت طویل مدتی منصوبہ بندی کے ساتھ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔