گھروں میں موجود عام کیمیکلز دماغی صحت کے لیے بڑا خطرہ

427

واشنگٹن: طبی ماہرین نے تحقیق کے نتائج سے اخذ کیا ہے کہ گھروں میں موجود عام کیمیکلز دماغی صحت کے لیے بڑے خطرے کا سب بن سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ گھروں میں عام کاموں کے لیے استعمال ہونے والے کیمیکلز مثلاً بالوں کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات میں شامل کیمیکلز، فرنیچر پر کیا جانے والا اسپرے یا جراثیم کش ادویات وغیرہ دماغ کی صحت کے لیے خطرے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

تحقیق کاروں نے پتا چلایا ہے کہ کئی کیمیکلز ایسے بھی ہیں جو انسان کے اعصاب پر اثر انداز ہوکر امراض میں مبتلا کردیتے ہیں جن میں ملٹیپل اسکلیروسس اور آٹزم بھی شامل ہیں۔

کیس ویسٹرن ریزرو یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے ماہرین کی جانب سے کیا گیا مطالعہ نیچر نیورو سائنس جریدے میں شائع کیا گیا ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تقریباً 2 ہزار عام کیمیکلز کی جانچ پڑتال کے بعد پتا چلا ہے کہ 292 کیمیکلز ایک خاص قسم کے دماغی خلیے ’اولیگوڈینڈروسائٹ‘ کے لیے زہریلے ہیں۔ اولیگوڈینڈروسائٹ وہ خلیے ہیں جو اعصابی خلیوں کے گرد ایک حفاظتی موصلیت پیدا کرنے کے کا کام کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اولیگوڈینڈروسائٹس کا نقصان ملٹیپل اسکلیروسس اور دیگر اعصابی امراض کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ گھریلو مصنوعات میں ایسے مخصوص کیمیکلز موجود ہوتے ہیں جو اولیگوڈینڈروسائٹس کو براہ راست نقصان پہنچا سکتے ہیں۔