آج اگر ہم فلسطین کیلیے نہیں اٹھے تو عبرت ناک انجام ہوگا، حافظ نعیم

257

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا  کہنا ہے کہ اسرائیل کو وحشیانہ طاقت بے غیرت مسلم حکمرانوں نے دی ہے، اہل غزہ و فلسطین کے عوام فرض کفارہ ادا کررہے ہیں اور مسجد اقصی کی حفاظت کررہے ہیں، فلسطین کے مسلمان گریٹر اسرائیل کو ناکام بنانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، آج اگر ہم فلسطین کے لیے نہیں اٹھے تو تاریخ گواہ ہے سب سے زیادہ عبرت ناک انجام ان لوگوں کا ہوتا ہے جنہوں نے غلامی کی زندگی گزاری ہے۔

مظلوم و نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ 30مار چ کو شاہراہ قائدین پر ہونے والی ”شب یکجہتی غزہ“کے سلسلے میں حیدری مارکیٹ پر لگائے گئے کیمپ پر میڈیاسے گفتگو  کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  جہاد کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے، علمائے کرام ریاست کے بارے میں بتائیں کہ یہ اہل غزہ و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کیوں کھڑے نہیں ہوتے؟

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   اگر ریاست کو ججوں کے بیڈ رومز کی ویڈیوز اور مینڈیٹ ہڑپنے سے فرصت مل جائے تو اہل غزہ کی جانب دیکھیں ،امریکی غلامی میں خارجہ پالیسی بنے گی تو ہم مزید غلامی میں گھرتے چلے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  غزہ میں 32 ہزار سے زائد لوگوں پر بمباری کی گئ ہے، اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل میں جنگ بندی پر قرارداد پاس کی ہے لیکن اسرائیل کسی کی بات ماننے کو تیار نہیں ہے، کراچی: بحیثیت مسلمان ہمارا فرض ہے کہ اہل غزہ کے لیے آواز اٹھائیں، آج 17 رمضان المبارک یوم البدر کا دن ہے اور حماس نے یوم البدر کی یاد کو تازہ کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ   حماس نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی کو شکست دے دی ہے، اسرائیل شکست کھاچکا ہے اور سویلین پر حملہ کررہا ہے، ہم رائے عامہ سے تبدیلی لانا چاہتے ہیں اور حکمرانوں پر دباو ڈالنا چاہتے ہیں، ہفتہ 30 مارچ کو شاہراہ فیصل پر زبردست شب یکجہتی غزہ کریں گے،  کراچی کے تمام مکتبہ فکر سے وابستہ افراد شب یکجہتی غزہ میں شرکت کریں۔

انہوں نے کہاکہ  مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی سمیت بڑی بڑی پارٹیاں فلسطین کی حمایت کیوں نہیں کررہے اور اسرائیل کے خلاف کیوں نہیں بولتے ، یہ تمام بڑی پارٹیاں جعلی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور ہماری معیشت کو تباہ کررہے ہیں، جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت رفاح کے راستے امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے،سمندری راستے سے بھی سامان پہنچایا جارہا ہے، کراچی کے اہل خیر حضرات زیادہ سے زیادہ تعداد میں فلسطینی مسلمانوں کی امداد کریں۔