ہائیکورٹ ججز کا خط: چیف جسٹس کی زیرصدارت عدالتِ عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس

201
priority

اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرصدارت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس ختم ہوگیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ ججز کے لکھے گئے خط کے تناظر میں سپریم کورٹ کے فل کورٹ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کی، جو کہ ججز کمیٹی روممیں 2 گھنٹے تک جاری رہا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آج فل کورٹ اجلاس طلب کیا تھا، جس میں عدالت عظمیٰ کے دیگر بھی شریک تھے۔ فل کورٹ اجلاس میں ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے بھیجے گئے خط پر غور کیا گیا۔

قبل ازیں اسی سلسلے میں اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی، جس میں خط کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے بعد اٹارنی جنرل نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے بھیجا گیا خط سنجیدہ معاملہ ہے، اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔