کپتان کی تبدیلی کا امکان، شاہد آفریدی داماد کے حق میں بول پڑے

384

پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کا امکان ہے، سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے داماد اور قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے حق میں بول پڑے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کپتان بنانے کا جو فیصلہ پہلے کیا گیا تھا یا تو وہ غلط تھا یا اب جو ہوگا وہ غلط ہوگا۔ پاکستان میں جب چہرے تبدیل ہوتے ہیں تو نظام بھی تبدیل ہوجاتا ہے، بندہ سمجھتا ہے کہ وہ جو کام کرے گا سب سے الگ ہوگا۔ نیا آنے والا سمجھتا ہے جس نے پہلے کام کیا اس نے غلط کام کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کاکول میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کاکول میں ٹرینگ کیمپ کا تجربہ میرا بھی اچھا رہا، کاکول میں ٹریننگ سے فٹنس میں فرق پڑتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں جو منتخب نہ ہوں انہیں کاکول میں مزید ٹریننگ کروائیں۔ کاکول میں ایک مہینہ ٹریننگ کرلیں گے تو سپر مین بن کر نکلیں گے۔

شاہد آفریدی نے چیئرمین پی سی بی کے سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو بااختیار بنانے کا فیصلہ اچھا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خیال میں سلیکشن کمیٹی کا ایک سربراہ ہونا چاہیے تھا، سلیکشن کمیٹی کا سربراہ نہ ہونے سے فیصلہ کرنے میں مشکل ہوگی۔

سابق کپتان نے کہا کہ محمد عامر اور عماد وسیم کا پہلے ریٹائرمنٹ فیصلہ غلط تھا، دونوں کی کرکٹ باقی ہے۔ دونوں باصلاحیت ہیں ان کو ڈومسٹک کرکٹ کا بھی حصہ بننا پڑے گا۔ دونوں کواپنی فٹنس دیکھانی پڑے گی عماد وسیم اور عامر سینئر تجربہ کار کھلاڑی ہیں نوجوان کرکٹرز کو ان سے سیکھنے کو ملے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دلچسپ جواب دیا کہ میرے لیے ریٹائرمنٹ سے واپسی تھوڑی لیٹ ہو گئی ہے۔ کرکٹ کھیلنے کا مزا پاکستان ٹیم میں آتا ہے، مجھے اس ملک نے بہت محبت دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر تنقید کا جواب بھی میں محبت سے دینا چاہتا ہوں۔ آپس میں نفرت پھیلانا اچھی بات نہیں۔