عید الفطر پر کراچی سے روانہ ہونے والی 4 خصوصی ٹرینوں کا شیڈول جاری

191

اسلام آباد:  پاکستان ریلویز کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر عوام کی سہولت کے لیے 4خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے، جن میں سے کراچی سے 2 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

پاکستان ریلویز کے مطابق کراچی سے اپنوں میں عید منانے کے لیے جانے والوں کی پہلی ٹرین 7 اپریل کو شام 6 بجے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔

اس ٹرین کے اہم اسٹاپس میں حیدرآباد، ٹنڈو آدم، نواب شاہ،روہڑی، خانپور، بہاولپور،ملتان کینٹ، خانیوال، شورکوٹ کینٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، فیصل آباد،سانگلہ ہل، حافظ آباد،وزیر آباد، لالہ موسی، جہلم،راولپنڈی، ٹیکسلا کینٹ، اٹک سٹی، نوشہرہ اور پشاور سٹی اسٹیشن شامل ہیں۔خصوصی ٹرین 8 اپریل کو رات ایک بجکر 15 منٹ پرپشاور کینٹ پہنچے گی۔

پاکستان ریلویز کی جانب سے دوسری خصوصی ٹرین کراچی اور لاہور کے درمیان 8 اپریل کو رات 8 بج کر 15 منٹ پر چلائی جائے گی۔

ٹرین کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے کے بعد لانڈھی، حیدرآباد، ٹنڈو آدم، نواب شاہ، روہڑی، صادق آباد،رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور،ملتان کینٹ، خانیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، یوسف والا، اوکاڑہ، پتوکی، رائیونڈ اور کوٹ لکھپت پر رکتے ہوئے 9اپریل کی شام تقریبا 6 بجے لاہورپہنچے گی۔

جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق پہلی خصوصی ٹرین 17کوچز پرمشتمل ہوگی، جس میں 1046مسافروں کی گنجائش ہوگی۔عید الفطر کی دوسری خصوصی ٹرین 2بزنس اور 2اسٹینڈرڈ کلاس کوچزسمیت 18کوچز پر مشتمل ہوگی۔

اس کے علاوہ اس میں 2 بزنس اور دو اسٹینڈرڈ کلاس کوچز لگائی جائیں گی، بقیہ تمام ڈبے اکانومی کلاس ہونگے، صرف اے سی کلاس کی سہولت سیکنڈ ٹرین میں ہوگی۔