حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ غزہ جنگ پر مذاکرات کیلیے ایران پہنچ گئے

300

مقبوضہ بیت المقدس: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ غزہ جنگ پر مذاکرات کے لیے ایران پہنچ گئے۔

فلسطینی تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ غزہ جنگ کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ایران پہنچے، جہاں وہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطین کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے،

ترک خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ہونے والی تباہی، بڑی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادت اور جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

واضح رہے کہ اسماعیل ہنیہ کا دورۂ ایران ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک میں غزہ پر بمباری کا سلسلہ روکنے اور جنگ بندی کے لیے ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری کا حماس کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ہے، تاہم صہیونی ریاست نے قرارداد کی منظوری کو ہمیشہ کی طرح مسترد کرتے ہوئے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور کہا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔