آئی ایم ایف کی شرائط پر وفاقی و صوبائی محکموں کا ڈیٹا یکجا کرنے کا منصوبہ

242

اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر وفاقی و صوبائی محکموں کا ڈیٹا یکجا کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لیے قومی ڈیٹا ویئر ہاؤس کی تیاری کے منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی محکموں کا ڈیٹا یکجا کیا جائے گا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے بنائے جانے والے اس قومی ڈیٹا ویئرہاؤس کا مقصد ٹیکس دہندگان کی معلومات کو اکٹھا کرنا ہے۔

علاوہ ازیں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور کمرشل بینکوں کے علاوہ مختلف اداروں کی مدد سے بھی ڈیٹا جمع کرنے کا کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبوں سے بھی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔ اس تمام ڈیٹا کے استعمال کا اختیار صرف فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے پاس ہوگا۔