کھلونا گاڑیوں پر سیکڑوں میل کا سفر، عالمی ریکارڈ کی تیاریاں

430

واشنگٹن: امریکا میں کھلونا گاڑیوں پر سیکڑوں میل طویل سفر کے ذریعے عالمی ریکارڈ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں خواتین کی جانب سے کھلونا گاڑیوں پر 500 میل کا سفر طے کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا اندراج بنانے کی کوشش شروع کی گئی ہے۔

ریاست فلوریڈا کیسی آرین اور لورین نامی خواتین نے جیکسن ول شہر میں مخصوص مقام سے کھلونا گاڑیوں پر اپنا سفر شروع کیا۔ منصوبے کے مطابق یہ سفر 2 ماہ پر مشتمل ہوگا، جس میں 500 میل کا فاصلہ طے کرکے ایک دوسرے مقررہ مقام تک پہنچنا ہوگا، اس حوالے سے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر سفر کی تفصیلات اپ لوڈ کی جا رہی ہیں۔

منفرد سفر کے ذریعے عالمی ریکارڈ بنانے کی خواہش مند دونوں خواتین کا کہنا ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اب تک اس طرح کی کھلونا گاڑیوں کے طویل ترین سفر کا کوئی ریکارڈ اندراج نہیں کروایا گیا، جس کے بعد ادارے کی جانب سے ان کی درخواست منظور کرلی گئی ہے اور انہوں نے اس کی تیاریاں شروع کردیں۔