بھٹو صدارتی ریفرنس کیس پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آ گیا

122
immediate resignation

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کے حوالے سے رائے جاری کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آ گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کیس میں صدارتی ریفرنس کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کی رائے جاری ہونے کے بعد بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس کیس میں بھٹو کو فیئر ٹرائل کا حق نہ ملنے کی حقیقت تک پہنچنے میں سپریم کورٹ کو 50 برس کا عرصہ لگ گیا۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیا عمران خان کے فیئر ٹرائل کے لیے بھی قوم 50 برس کا انتظار کرے؟۔

پارٹی ترجمان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے صرف اسی صورت میں معنی خیز ہو سکتی ہے کہ عدالتِ عظمیٰ آج لاقانونیت کی راہ روکنے کے لیے پوری قوت سے بروئے کار آئے۔

تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت پارٹی کے اسیر قائدین اور ہزاروں بے گناہ کارکنوں کو قید ناحق سے فوراً رہا کیا جائے اور فیئرٹرائل کا حق دیتے ہوئے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے فیصلے کیے جائیں۔