انتخابی دھاندلی: جماعت اسلامی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کا کل سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان

330

  کراچی: جماعت اسلامی (جے آئی)، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم حقیقی نے 24 فروری کو سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،  جے ڈی اے کے چیف کوارڈینیٹر صدر الدین شاہ راشدی، جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا راشد سومرو، ، تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا، جماعت اسلامی  اور دیگر پانچ جماعتوں نے اگلے لائحہ عمل کیلیے دس رکنی مشاورتی کمیٹی بھی تشکیل دی جو اگلے لائحہ عمل کا تعین کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم جی ڈی اے سے اظہار یکجہتی کے تحت کل حلف نہیں لیں گے تاہم ہمارے ارکان بعد میں حلف لیں گے، کراچی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں بندر بانٹ سے سیٹیں تقسیم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  مینڈیٹ پر جو ڈاکا ڈالا گیا اس کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں اس پورے الیکشن کو یرغمال بنایا گیا ہے ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں اور احتجاج کا دائرہ بڑھا رہے ہیں۔

صدر الدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج بوگس الیکشن کے خلاف ہے کیونکہ عام انتخابات میں  ووٹ کے نام پر نوٹ چلا ہے ، اس وقت ہماری احتجاجی تحریک کی قیادت پیر پاگارا کررہے ہیں۔

 حلیم عادل نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژن میں ڈاکا ڈالا گیا اور ہر جگہ واردات ہوئی، کراچی اور حیدرآباد میں حافظ نعیم الرحمان نے کلمہ حق بلند کیا، اس سے پہلے میئر کے الیکشن میں بھی ڈاکا ڈالا گیا تھا یہ الیکشن نہیں فراڈ تھا۔