من پسند پارٹیوں کیلیے پریزائڈنگ افسران کے تبادلے، اضافی بیلٹ پیپر دیے جارہے ہیں، حافظ نعیم

405
should refrain

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق من پسند پارٹیوں کی خواہشات کے مطابق پریزائیڈنگ افسران کے تبادلے اور ان کو اضافی بیلٹ پیپرز فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ دھاندلی کی جاسکے اور جعلی ووٹ ڈلواکر من پسند امیدواروں کے ووٹوں کی گنتی بڑھا ئی جاسکے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ   یہ عمل انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان اور اس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی،جماعت اسلامی ایسے کسی بھی عمل کی مزاحمت کرے گی،دھاندلی روکنے کے لیے نوجوانوں کی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں،بلدیاتی انتخابات کی طرح اپنے ووٹوں،سیٹوں اور مینڈیٹ پر کسی کو بھی ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  وہ پارٹیاں اور امیدواران جو حقیقی طریقے سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں وہ بھی اس صورتحال پر نظر رکھیں، بلاول زرداری کے پھوپھا سانگھڑ میں عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور بلاول زرداری کراچی کو دھمکارہے ہیں کہ اگر پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ دیے گئے تو جیتنے والا کچھ نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ   بلاول بتائیں کہ بلدیاتی انتخابات اور میئرشپ پر قبضہ اور15سال سندھ پر حکومت کر کے ان کی پارٹی نے کراچی کے لیے کیا کیا؟۔ہم مقتدر حلقوں سے واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ کراچی میں جو جیت رہا ہے اسے جیتنے دیا جائے اور روکاوٹ نہ ڈالی جائے، رائے عامہ کے سروے بار بار بتارہے ہیں کہ جماعت اسلامی کراچی میں واضح اکثریت سے جیت رہی ہے اور ایم کیو ایم و پیپلزپارٹی غیر مقبول پارٹیاں بن چکی ہیں۔