اقتدار میں آکر تعلیمی بجٹ کو کرپشن کے بجائے تعلیم پر خرچ کریں گے، حافظ نعیم

462
vaders, landlords

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہزاروں طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروارہی ہے ،حکومت میں آئیںگے تو سندھ کے اربوں روپے کے تعلیمی بجٹ کو کرپشن اور لوٹ مار کے بجائے تعلیم اور تعلیمی اداروں پر خرچ کریں گے۔

جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن جرمن اسکول گراؤنڈ  میں مفت آئی ٹی کورسز کے لیے  بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔

”اٹھو نوجوانوں ، بد لواورنگی ” کے عنوان سے منعقدہ ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ ، ویب ڈیزائنگ ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کورس مفت کرائے جائیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کرکے انہیں ماڈل اسکول بنائیں گے ، کراچی سے مینڈیٹ لینے والوں نے کراچی کے عوام کا استحصال کیا، اورنگی ٹائون میں خندقیں کھودیں اور لوگوں کو آپس میں لڑوایا ، آئی ٹی منسٹر نے آئی ٹی کی تعلیم کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی حکومت میں آکر اورنگی ٹائون کے عوام کے مسائل حل کروائے گی اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کی جدو جہد کرے گی، جماعت اسلامی نے نوجوانوں اور بچوں کا ہاتھ تھام لیا ہے ، اب اورنگی کے بچے بھی آگے بڑھیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  ٹیسٹ میں ہزاروں بچوں اور بچیوں کی شرکت ثبوت ہے کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ موجود ہے اور یہ بچے  ہی ملک اور قوم کا مستقبل ہیں ، ہم بنو قابل پروگرام کے تحت خواتین کے لیے بھی کورسز شروع کر رہے ہیں ۔