پی ٹی آئی ریلی گزرنے کے دوران دھماکے میں 4 افراد جاں بحق

232

کوئٹہ: سبی میں تحریک انصاف کی ریلی گزرنے کے دوران دھماکے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سبی کے علاقے جناح روڈ پر اس وقت دھماکا ہوا، جب وہاں سے پاکستان تحریک انصاف کے تحت ریلی نکالی جا رہی تھی، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 دیگر زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور انہوں نے لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سے تشویش ناک حالت والوں کو کوئٹہ منتقل کیا جائے گا۔

دریں اثنا صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے سبی میں پی ٹی آئی ریلی گزرنے کے دوران ہونے والے دھماکے کے بعد کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ سبی اسپتال کے ایم ایس نے بتایا کہ 4 زخمیوں کا ڈی ایچ کیو اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی میں سیاسی جماعت کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سبی خدائے رحیم میروانی نے کہا ہے کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، زخمی 5 افراد کا علاج جاری ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔