کراچی میں ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گرد گرفتار

290

کراچی :قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے 17 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں کراچی سے ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں کامیاب کارروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

انٹیلی جنس اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشت گردوں کے حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔

دہشت گردوں کو کراچی میں ٹی ٹی پی نیٹ ورک چلانے کے لیے افغانستان سے مذہبی طلبہ کی آڑ میں منظم کیا گیا تھا۔

مزید برآں، گرفتار دہشت گرد 2007 سے 2014 تک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سوات/مالاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز اور این جی اوز پر مختلف حملوں میں ملوث تھے۔

یہ دہشت گرد کراچی میں فرقہ وارانہ، نسلی اور سیاسی طور پر ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔

یہ نیٹ ورک افغانستان میں ٹی ٹی پی کی اعلیٰ قیادت کے لیے کراچی میں بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرتا تھا۔

دریں اثناء حساس تنصیبات، اعلیٰ حکام اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ملازمین کو بھتہ خوری سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔