قوم پر نئے سیاسی برہمن مسلط کرنے کی کوشش ہورہی ہے، سراج الحق

338
empty cartridges

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا سیاسی لباس پہن کر عرصہ دراز سے اقتدار پر قابض ہے، حکمران پارٹیاں خاندانوں کی جاگیریں ، ٹکٹ تقسیم کرنے کا موقع آئے تو ان میں کارکن کے لیے کوئی جگہ نہیں۔

منصورہ میں جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو کی تقریب رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئےسراج الحق  نے کہاکہ  بڑی پارٹیوں کے سربراہ قوم پر بیٹوں، بیٹیوں کی صورت میں نئے سیاسی برہمن مسلط کرنا چاہتے ہیں، 8فروری ملک میں خاندانی سیاست کے خاتمے کی حکمرانی کا دن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، ایک ہی قبیلے کے لوگ ان پارٹیوں کا حصہ ہیں جو موسمی پرندوں کی طرح مقام بدلتے رہتے ہیں۔

سراج الحق  نے کہا کہ معیشت کو تباہ اور اداروں کو کمزور کرنے میں حکمران اشرافیہ کا ہاتھ ہے، آج پاکستان کا معاشی ماڈل ناکام ہوچکا، ہمارے بیانیہ کی ورلڈ بنک کی حالیہ رپورٹ میں بھی تصدیق ہوئی ہے۔ صرف جماعت اسلامی ہی قوم کو موجودہ فرسودہ نظام سے نجات دلا سکتی ہے۔ ہم نے انقلابی منشور دیا، حالیہ الیکشن میں قومی اسمبلی کے لیے 222اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 520امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں، قوم ترازو کا ساتھ دے۔

امیر جماعت  اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ بار بار اقتدار کے مزے لینے والی پارٹیاں مزید مواقع مانگ رہی ہیں، درحقیقت یہ بری طرح ایکسپوز ہو گئی ہیں، ان کی حکومتوں کی وجہ سے آج پاکستان پڑوسی ممالک سے بھی پیچھے رہ گیا ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت 56روپے تک چلی گئی، غریب کے لیے اسپتالوں میں علاج نہیں، تعلیمی اداروں کے دروازے غریب کے بچے کے لیے بند ہیں۔