حماس کے ترجمان خالد قدومی کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات

454

کراچی: قبلہ اول مسجد اقصیٰ و فلسطین کی آزادی کی جدو جہد اور اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف جاری تحریک مزاحمت ”حماس ” کے ترجمان خالد قدومی نے ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی و دیگر بھی موجود تھے ۔

 ملاقات میں غزہ کی حالیہ صورتحال کے حوالے سے گفتگو کی گئی، خالد قدومی نے جماعت اسلامی کی جانب سے اہل غزہ اور فلسطین کاز کی آگے بڑھ کر حمایت کرنے اور دو ٹوک انداز میں اسرائیل کی مذمت پر شکریہ ادا کیا ،کراچی سمیت ملک بھر میں مظاہروں اور اظہار یکجہتی کرنے پر اہل کراچی اور پورے ملک کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خالد قدومی نے کہا کہ اس حمایت اور یکجہتی سے حماس کی تحریک اور مجاہدین کے جذبوں اور حوصلوں کو مہمیز ملی ہے،  حماس کی جدو جہد جاری رہے گی۔

 حافظ نعیم الرحمن نے خالد قدومی کی ادارہ نور حق آمد پر ان کا بھر پور خیر مقدم کیا اور شکریہ ادا  کرتے ہوئے معزز مہمان کو تلوار کا ماڈل بطور تحفہ پیش کیا۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حماس کی جد وجہد اور اہل غزہ و فلسطین کی لازوال قربانیاں زبردست خراج تحسین کی مستحق ہیں ، حماس کی جد وجہد اصولی جدو جہد ہے ، قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور انبیاء کی سر زمین کی آزادی کی جد وجہد پوری امت کی ذمہ داری ہے ۔

حماس نے پوری امت کی ترجمانی کی ہے اور اسرائیل کے ناپاک وجود کو ایک دن کے لیے بھی قبول نہیں کیا ۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیاجا سکتا ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اور دو ٹوک انداز میں واضح کیا تھا کہ اسرائیل کو ہر گز تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔