نگراں وزیر اعظم کا فلسطین کے مسئلے پر موقف بزدلانہ ہے، لیاقت بلوچ

314

لاہور:نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ  نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ فلسطین کے مسئلے پر مسلسل کمزور، متنازع اور بزدلی پر مبنی موقف پیش کررہے ہیں، حکومت مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین اور افغانستان و ایران کیساتھ پاکستان کے تعلقات پر ناقابلِ قبول روِش اختیار کر رہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اب نوبت قائداعظم کی فلسطین پر دائمی پالیسی کے خلاف ہرزہ سرائی تک آپہنچی ہے، اِسی طرح بلوچستان کے صوبائی نگران وزیر افغانستان، افغان پناہ گزینوں کے مسئلہ پر مسلسل عدم حکمت پر مبنی زہر اگل رہے ہیں جبکہ صوبائی نگران وزیر کا یہ دائرہ کار نہیں، یہ صرف کمزور وفاقی حکومت کی بے بسی اور تماشا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  نگراں حکومت مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین اور افغانستان و ایران کیساتھ پاکستان کے تعلقات پر بہت ہی خطرناک اور پوری قوم کے لئے ناقابلِ قبول روِش اختیار کئے جارہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئین، آزاد عدلیہ، سیاسی عمل اور انتخابات کے خلاف مسلسل سازشیں جاری ہیں۔ بے اطمینانی اور بے یقینی نے پہلے ہی پوری قوم کو بے اعتمادی کے خطرناک دائرے میں دھکیل رکھا ہے۔