عدالت کے لاڈلے عمران خان کو ملنے والی سہولیات کا کوئی شہری تصور نہیں کرسکتا، سرفراز بگٹی

293

اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ عدالت کے لاڈلے عمران خان کو جیل میں ملنے والی سہولیات کا  کوئی شہری تصور نہیں کرسکتا، سائفر کیس میں 28 نومبر کو عمران خان کی پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو تسلیم کریں گے۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہاکہ نگراں حکومت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو کوئی فیور نہیں دیا جارہا، حکومت کے لیے نواز شریف اور بلاول زرداری ایک جیسے ہیں، میرے خیال میں نواز شریف پر جو کیسز بنے وہ زیادہ تر بے بنیاد تھے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں الیکشن  کمیشن کی معاونت  کرنا ہماری  ذمہ داری ہے،   شفاف انتخابات کے لیے ہرممکن تعاون کیا جائے گا،  کسی بھی سیاسی پارٹی کو نگراں حکومت کی کوئی حمایت حاصل نہیں ہے، آئین کے مطابق سیاسی لوگوں سے رابطے قائم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تقریباً 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں،  لاپتا افراد کے معاملے پر عدالت کا نگراں وزیر اعظم کو بلانا مناسب عمل نہیں، لاپتا افراد کا معاملہ ملک کے خلاف پروپیگنڈے کا ہتھکنڈا بن چکا ہے۔