پیپلز پارٹی کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے استعفیٰ کا مطالبہ

354

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے فلسطین سے متعلق بیان پر صدر عارف علوی کے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ صدر علوی نے فلسطین کے صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی، ایوان صدر سے جاری اعلامیہ میں فلسطین اور اسرائیل کے لیے ون سٹیٹ سلیوشن کی بات کی گئی مگر ون اسٹیٹ سلوشن کبھی پاکستان کی پوزیشن نہیں رہی ہے۔

رضاربانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی وساطت سے صدر سے اس بیان پر استعفی کا مطالبہ کرتا ہوں، وزیرخارجہ بتائیں صدر کے تباہ کن بیان کے بعد نگران حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے؟

نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے رضاربانی کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رضا ربانی کا نکتہ نظر درست ہے، ایوان صدر نے جو بیان جاری کیا اس میں وزارت خارجہ کی مشاورت شامل نہیں تھی۔جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ صدر نے ایک ریاستی حل کی بات کس تناظر میں کی مجھے معلوم نہیں، پاکستان کی پوزیشن ہمیشہ دو ریاستی حل کی رہی ہے۔