ڈونلڈ ٹرمپ کی بہن ماریان بیری انتقال کر گئیں

299

نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی بہن ماریان بیری انتقال کر گئیں۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے اپنی 86 سالہ پھوپھی کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 86 سالہ ماریان بیری نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائی گئیں۔

نیویارک پولیس نے بتایا کہ انہوں نے ففتھ ایونیو کے اپارٹمنٹ کے باتھ روم میں ایک 86 سالہ خاتون کو بے ہوش پایا، جس کی موت واقع ہو چکی تھی۔

پولیس نے تصدیق کی کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 4:30 بجے ماریان کی موت ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریان بیری ایک ریٹائرڈ فیڈرل جج تھیں جنہوں نے 1983 سے 2019 تک خدمات انجام دیں۔ 2019 میں اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت وہ سپریم کورٹ کے نیچے والی عدالت تھرڈ یو ایس سرکٹ کورٹ آف اپیلز میں سینئر جج تھیں۔

جج کے طور پر اپنی تقرری سے قبل، انہوں نے 1974 میں امریکی اٹارنی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور انہیں سابق صدر رونالڈ ریگن نے نیو جرسی کی ایک وفاقی عدالت میں نامزد کیا تھا۔

اس سے قبل 2020 میں سابق صدر ٹرمپ کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے جب کہ ان کے بڑے بھائی فریڈ ٹرمپ جونیئر 42 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔