عوام غیر محفوظ، جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ حاصل ہے، حافظ نعیم

430

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر میں  بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کرتے  ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کی بدترین صورتحال، مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  عوام کی جان ومال کو کوئی تحفظ نہیں، مسلح ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ حاصل ہے اور ان وادراتوں میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی معمول بن گیا ہے، رواں سال میں مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں 110افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں 817 موٹرسائیکلیں چھینی جبکہ 4396 چوری کی گئیں۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں سے 25 گاڑیاں چھینی اور 182 گاڑیاں چوری کرلی گئیں جبکہ ایک ماہ میں 2446 موبائل فونز بھی چھینے گئے۔ لوگوں کا بنکوں سے رقم لے کر نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔ موبائل اور قیمتی اشیاء سے محرومی معمول بن گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  شہر میں مسلح ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں اور انہیں پولیس کا کوئی ڈر و خوف نہیں کیونکہ بیشتر وارداتوں میں یہ پولیس کی گرفت میں آنے کے بجائے بچ نکلتے ہیں اور جو پکڑے جاتے ہیں وہ بعد میں چھوٹ جاتے ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، تجارت، کاروبار اور صنعتی اعتبار سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن اس کے باوجود حکومت، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن وامان کے قیام اور شہریوں کی جان ومال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہیں۔