آئی ایم ایف کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کا پہلا دور، رپورٹ پیش

428
budget deficit

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے  ساتھ ایف بی آر کے تکنیکی سطح کے مذاکرات کا پہلا دور ہوا، جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے عملدرآمد رپورٹ جائزہ مشن کو پیش کردی گئی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایف بی آر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریونیو ٹارگٹ، ریفنڈز ادائیگیاں اور ٹیکس چھوٹ پر آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد جاری ہے۔ جولائی سے ستمبر انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں کا ٹارگٹ حاصل کیا گیا۔

دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایمنسٹی سکیم متعارف نہیں کرائی گئی، ستمبر 2023 تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیاں 250 ارب روپے تک محدود کی جانی تھیں، ایف بی آر نے ستمبر 2023 تک انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں کو 200 ارب تک محدود کیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر پلان کے مطابق انکم ٹیکس ریفنڈز ادائیگیوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے، قرض پروگرام میں رہتے ہوئے ایف بی آر نے پہلی سہہ ماہی کے دوران ٹیکس چھوٹ نہیں دی۔