اسلامی ممالک کی افواج فلسطین کی مدد کیلئے عملی پیش قدمی کریں، حافظ نعیم

571

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ کی آزادی اور انبیاء کی سرزمین فلسطین پر سے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے لیے حماس کے مجاہدین سرفروشی اور استقامت کی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔

ڈی سی آفس قائد آباد پر جماعت اسلامی خواتین کے تحت فلسطینی خواتین و بچوں اور حماس کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل کی افواج بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادیوں اور اسپتالوں پر بمباری کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ  ہزاروں بچے اور خواتین شہید ہو چکے ہیں اور 65صحافی بھی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں ۔ ایک طرف امریکہ و برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک اسرائیل کی سرپرستی اور پشت پناہی کر رہے ہیں تو دوسری طرف مغربی میڈیا بھی یکطر فہ اور جانبدارانہ صحافت کر رہا ہے ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   ان حالات میں عالم اسلامی کے حکمرانوں کی خاموشی اور عملاً کچھ نہ کرنا مظلوم کے مقابلے میں ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔ عوام حکمرانوں اور افواج سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیتے ہوئے اہل فلسطین کی حمایت و تائید کے لیے عملی طور پر پیش قدمی کریں ۔