اسرائیل سے تعلقات بڑھانے والے سُن لیں پوری امت حماس مجاہدین کیساتھ ہے، حافظ نعیم

596

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات بڑھانے والے سن لیں کہ پوری امت مسلمہ حماس مجاہدین کے ساتھ ہے۔

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت مشرق سینٹر، گلشن اقبال میں  اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے خواتین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مارچ میں شریک بچے اور خواتین مطالبہ کررہی ہیں کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف عاصم منیر آگے بڑھیں اور فلسطینی مسلمانوں کی عملی مدد کے لیے عالم اسلام کی افواج کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے پیش قدمی کریں، اسرائیل خود پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوجائے گا۔

اسرائیل سے تعلقات بڑھانے والے سن لیں کہ پوری امت کے عوام حماس مجاہدین اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔مسجد اقصیٰ اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے  ہمارے سینوں میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت کی تمنا موجود ہے۔ ہم فلسطین کے مسلمانوں کی مالی امداد کریں گے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی جاری رکھیں گے۔

مارچ میں بیٹھک اسکول کی طالبات اوربچے،بچیوں سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔خواتین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اُٹھائے ہوئے تھے اور ماتھوں پر سرخ رنگ کی پٹی باندھی ہوئی تھی جس پر لبیک یا اقصیٰ تحریر تھا،خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اُٹھائے ہوئے تھے۔

مارچ میں خواتین نے اسرائیل کا پرچم زمین پر روند کر پیغام دیا کہ ہم کسی صورت ناجائز ریاست قبول نہیں کریں گے۔خواتین مارچ میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطیہ نثار،ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب، ناظمہ کراچی اسما سفیر،نائب معتمدہ صائمہ افتخار، ناظمہ ضلع قائدین نزہت ذاکر، ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم ودیگر بھی موجود تھیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ اسرائیل فلسطین میں دہشت گردی کررہا ہے، برطانیہ، اٹلی،  جرمنی اور امریکا نے دہشت گرد اسرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اسرائیل کی دہشت گرد صیہونی افواج فلسطینی بچوں،  بوڑھوں اور جوانوں کا بے دریغ قتل عام کررہی ہیں، غزہ کا قبرستان معصوم بچوں سمیت فلسطینی مسلمانوں کی لاشوں سے بھر گیا ہے،حماس کے نوجوان اسرائیل کے سامنے مزاحمت کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں،مسجد اقصی ہر مسلمان کی ہے،  حماس کے مجاہدین تمام مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اس کی آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ حماس کے مجاہدین نے اسرائیلی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دے کر اس کے عزائم اور غرور خاک میں ملادیے۔ جوبائیڈن روز کہتا ہے کہ اسرائیل ٹھیک کررہا ہے۔ یہ مسلم حکمرانوں کے لیے سوالیہ نشان ہے جو سوائے زبانی جمع خرچ کے کچھ نہیں کر رہے ہیں۔اسلامی ممالک کی 70 لاکھ سے زائد افواج اور حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ اگر مسلم حکمران مسجد اقصیٰ کی حفاظت نہیں کرسکتے تو کیوں ہمارے سروں پر مسلط ہیں۔حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔ اب عوام میں اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف شدید غم وغصہ موجود ہے۔ہمارے حکمران فلسطین کی مدد کے لیے آگے آئیں اور عملی اقدامات کریں یا اقتدار چھوڑدیں۔