سیکورٹی فورسز کا لکی مروت میں آپریشن، 4 دہشتگرد مارے گئے، ایک گرفتار

387
terrorists

راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کے لکی مروت میں آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے جب کہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

سیکورٹی فورسز نے 19 اور 20 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع لکی مروت کے علاقے سیمووانڈہ میں یہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کیا، جس میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران 4 دہشت گرد ہلاک اور ایک کوزخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک اور زخمی دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، آلات اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا جب کہ مقامی لوگوں نے شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلیے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔