حکمران اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں، حافظ نعیم الرحمن

596

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ”فلسطین مارچ” میں اہل کراچی کی جوق در جوق شرکت اور شاہراہ فیصل پر جمع ہو کر لاکھوں مردو خواتین کی جانب سے مظلوم اہل فلسطین  و حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف توانا آواز بن کر عالمی سطح پر ایک موثر پیغام دینے پر بھر پور اظہار تشکر کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ عوام کے حصے کا جو کام تھا وہ عوام نے کر دیا،حکمرانوں کے کرنے کا جو کام ہے وہ اب حکمران کریں اور جرات مندی، ایمانی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھل کر فلسطین کی تحریک مزاحمت کی حمایت کا اعلان کریں ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  حکمران اور افواج اسرائیل کے خلاف عملی اور راست اقدامات کریں عوام ان کے ساتھ ہوں گے، قبلہ اوّل کے تقدس اور انبیاء  کی سرزمین فلسطین کے تحفظ کے لیے عوام کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  اہل کراچی کی فلسطین مارچ میں غیر معمولی شرکت سے ماضی میں ہونے والے تمام مارچ اور ریلیوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے کیونکہ یہ مارچ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ثابت ہوا ہے۔