گزشتہ 75سال سے اہل فلسطین اسرائیلوں کے ظلم وستم کا شکار ہیں، حافظ نعیم

447
license

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ  15 اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی فلسطین مارچ کریں گے، گزشتہ 75سال سے اہل فلسطین اسرائیلوں کے ظلم وستم کا شکار ہیں، یہودیوں کا منصوبہ ہے کہ کسی طرح گریٹر اسرائیل کا قیام ممکن ہوجائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار 15اکتوبر کو شاہراہِ فیصل پر ہونے والےعظیم الشان فلسطین مارچ کے حوالے سےلگائے گئے کیمپ کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  فلسطین میں دنیا بھر کے یہودیوں کو لاکر بساکر مقامی لوگوں کو قید کردیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھا کہ   بدقسمتی سے عالم اسلام کے حکمران بیت المقدس کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کرتے،  حماس کے مجاہدین اللہ مددو نصرت سے مزاحمتی راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں،7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کر کے پوری دنیا کو حیران کردیا،ایک چھوٹی سی فوج حماس نے کس طرح گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کردیا۔

انہوں نے کہاکہ  اہل فلسطین پوری امت کے لوگوں کا کفارہ ادا کررہے ہیں، بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اس پر ایمان لانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، فلسطین کی ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں اور بچوں کو ظلم کے پہاڑ ڈھائے گئے، ہم سلام پیش کرتے ہیں فلسطین کے لوگوں کو اور حماس کو جنہوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  اسرائیل کے جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ موجود ہے لیکن اس کے باوجود حماس نے اسرائیل کو تباہ کردیا، حکمران طبقہ امریکا کا غلام بنا ہوا ہے، مسلم حکمرانوں اور امریکا کو یقین نہیں آرہا کہ فلسطین نے کیسے اسرائیل کو تباہ کردیا، عالم اسلام کے حکمران اللہ پر ایمان اور یقین رکھنے کے بجائے امریکا کی طرف دیکھتے ہیں، ہر مسلمان کے دل میں جذبہ ہونا چاہیئے کہ آج ہمیں جہاد کے لیے بلایا جائے تو ہم فورا حاضر ہوں۔