نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹرو کرایوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

802

لاہور: نگراں وزیراعلیٰ  پنجاب محسن نقوی نے میٹرو اور سپیڈو بس کے کرایوں میں 15روپے اضافے کی سمری مسترد کردی۔

نگراں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 24واں اجلاس ہوا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سیکرٹری فنانس اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی تقریباً  سوا ارب مسافروں کا ہدف عبور کرچکی ہے۔ لاہور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر روزانہ تقریباً 25ہزار طلبہ مفت سفر کررہے ہیں۔اجلاس میں میٹرو اور سپیڈو بس سروس کے کرایوں میں 15روپے اضافے کی سمری پیش کی گئی جسے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مسترد کردیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو میں اضافے کے لیے نئے اورمنفرد انداز سے کام کیا جائے۔

اجلاس میں لاہور ریلوے اسٹیشن تاگرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی بھی اصولی منظوری دے دی گئی۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میٹروبس سروس کے لیے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔