مہنگائی کے تناسب سے ڈالر 200 روپے کا ہونا چاہیے، نگراں وزیر تجارت

400

کراچی: نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے ڈالر 200 روپے کا ہونا چاہیے۔

کراچی چیمبر آف کامرس (کے سی سی آئی) میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ  ہم نے گرے مارکیٹ کو خود بڑھایا ہے جب کہ جن چیزوں پر ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے، وہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے آ جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے اشیا کی اسمگلنگ بند کروا دی ہے جس میں ڈالر بھی شامل ہے۔ اب حکومت ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونے دے  گی۔ ڈالر کی قیمت سے متعلق بات کرتے ہوئے نگراں وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈالر کی حقیقی ویلیو 260 روپے ہے، تاہم مہنگائی کے حساب سے اس کی قیمت 200 روپے بنتی ہے۔

نگراں وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈالر کا حوالہ ریٹ 350 روپے تک پہنچ چکا تھ، اسی طرح انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالرساڑھے 3 سو روپے تک جا رہا تھا، جسے دیکھتے ہوئے نگراں حکومت نے اقدامات کیے تو ڈالر کی قیمت گھٹنا شروع ہوئی اور تاحال ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں کم ہو رہی ہے۔