سانحہ جڑانوالہ بیوی کے عاشق کو ٹھکانے لگانے کی سازش نکلا، پولیس

414
Jaranwala

فیصل آباد: سانحہ جڑانوالہ میں توہین قرآن اور دیگر افسوس ناک واقعات دراصل بیوی کے عاشق کو ٹھکانے لگانے کی سازش نکلے۔

پولیس کے مطابق جڑانوالہ میں توہین قرآن اور عیسائی کمیونٹی کی املاک اور  گرجا گھروں کو نذر آتش کرنے کے پیچھے ایک شخص کی جانب سے بیوی کے عاشق کو ٹھکانے لگانے کی سازش نکلی۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق ایس پی جڑانوالہ  بلال  سلہڑی نے واقعے کی تحقیقات سے آگاہ  کرتے ہوئے بتایا کہ ایک عیسائی شخص کو جب یہ معلوم ہوا کہ اس کی بیوی کے ایک (عیسائی ) شخص سے تعلقات  ہیں تو اس  نے اپنی بیوی کے عاشق کو ٹھکانے لگانے کا فیصلہ کیا۔

ایس پی جڑانوالہ کے مطابق مذکورہ  ملزم نے پہلے ایک اجرتی قاتل اللہ  دتا کی خدمات حاصل کیں اور اپنے دشمن کو قتل کرنے کے لیے اسے رقم اور موٹرسائیکل بھی فراہم کی، مگر اللہ  دتا اسے قتل کرنے میں کامیاب نہیں ہوپایا۔ اللہ  دتا کی ناکامی کے بعد ملزم  نے پھر اپنے دوستوں  داؤد اور بوبی کے ساتھ  مل کر اپنی بیوی کے عاشق کو توہین مذہب کے  کیس میں پھنسانے کی گھناؤنی سازش کی جس کی  سزا موت ہے۔

اس گھناؤنے منصوبے کے تحت   ملزم  نے توہین مذہب پر مبنی خط لکھا اور پھر قرآن پاک  کے اوراق رسی  میں باندھ کر گلی میں لٹکادیے۔ ایس پی کے مطابق پولیس نے  ملزم کی نشاندہی پر رسی کا وہ ٹکڑا برآمد کرکے فارنسک  جائزے کے لیے بھجوادیا ہے۔