چیونگ گم پر خوبصورت آرٹ نقش کرنے والا فنکار

358

لندن: برطانوی فنکار چیونگ گم پر خوبصورت نقش و نگار بنا کر دنیا میں شہرت حاصل کررہا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن سے تعلق رکھنے والے بین ولسن گزشتہ 19 سال سے متروک اشیا پر آرٹ بنانے کا کام کررہے ہیں اور اس میں چیونگ گم بھی شامل ہے، جس پر وہ خوبصورت نقش و نگار بنا کر دیکھنے والوں کی داد سمیٹتے ہیں۔

بین ولسن ملینیم برج کے پاس زمین پر چپکی ہوئی چیونگ گم پر مختلف رنگوں کا استعمال کرکے اسے ایک دلفریب نمونے کی شکل دیتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے وہ چیونگم کو برنر سے گرم کرتے ہیں اور اسے پھیلا کر کینوس میں بدل دیتے ہیں۔ وہ ہرسائز اور شکل کی چیونگم پر آرٹ بناتے ہیں۔

بین وِلسن ٹوٹی ہوئی ٹائلوں کے ٹکڑوں پر بھی مصوری کرتے ہیں جو مائیکروپینٹنگ کا ایک نمونہ بھی ہے۔ اسی طرح وہ پینٹنگ کے بعد اس شے کو اصل مقام پربھی چھوڑ دیتے ہیں اور وہ اس کا حصہ بن جاتا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ رک کر اپنے پیروں تلے خوبصورتی کو دیکھیں اور محسوس کریں۔