بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں، کراچی کے عوام کو پانی کیوں نہیں دیا جارہا؟  حافظ نعیم

322

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ گزشتہ 15سال سے سندھ حکومت کے ماتحت ہے اور اب قبضہ میئر مرتضیٰ وہاب واٹربورڈ کے چیئرمین بھی بن گئے ہیں، کراچی کے عوام دھرنے میں قبضہ میئر سے حساب لیں گے کہ کراچی کے عوام کو پانی کیوں نہیں دیا جارہا؟

ادارہ نور حق میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  کیوں مخصوص آبادیوں کو ووٹ نہ دینے کی وجہ سے پانی بند کیا جارہا ہے؟،حق دو کراچی تحریک کو مزید آگے بڑھائیں گے،4اگست کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مرکزی دفتر پر احتجاجی دھرنا دیں گے اوراپنا حق حاصل کر کے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ  پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو مزید تباہی کے دہانے میں ڈال دیا ہے، یہ حکومت ملک دشمن ایجنڈے پر کام کررہی ہے،معیشت کو تباہ کر کے عوام پر سارا بوجھ ڈال دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں فوری طور پر کم کی جائیں،،قومی و صوبائی انتخابات جعلی اور فراڈ مردم شماری پر نہیں بلکہ درست مردم شماری، نئی حلقہ بندیوں اور درست ووٹر لسٹوں پر پر کروائے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ملک کو گزشتہ 76سال سے حکمران طبقہ جاگیردار، وڈیرے،فوجی آمر،بیوروکریسی نے تباہی و بربادی کی طرف دھکیل دیا ہے،یہ تمام لوگ وقتی طور پر تو آپس میں اختلاف کرتے ہیں لیکن عملا ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کرتے رہے ہیں، 76سال کے عرصے میں ان طبقات کا کچھ نہیں بگڑا، سارا نقصان عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے شہری ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے رہنا نہیں چاہتے،خصوصاً کراچی کے نوجوانوں میں مایوسی پھیل چکی ہے،پڑھے لکھے نوجوان مواقع نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے ممالک میں جاکر کام کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔