آزاد کشمیر میں نئی مالیاتی پالیسی، نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی

290

مظفرآباد:مالی بحران سے نمٹنے کے لئے آزاد کشمیرحکومت نے  نئی مالیاتی پالیسی کا سرکلر جاری کر دیا ہے ۔نئی مالیاتی پالیسی کے تحت.رواں مالی سال کے دوران محکمے نئی گاڑیاں نہیں خرید سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  بیرون ملک سرکاری دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔حکومت پاکستان سے مہیا کی جانے والی گرانٹ کے لئے بھی نئی پالیسی لاگو ہوگی۔پہلی دو سہہ ماہیوں  کے لئے مختص رقوم کے خلاف 20 فیصد کے بجائے پہلی سہہ ماہی کے دوران صرف 10فیصد اخراجات ہی کئے جا سکیں گے۔

باقی تین  سہہ ماہیوں کے اخراجات گرانٹ کے 30 فیصد کے مطابق کئے جا سکیں گے۔ڈیلی گیشن آف فائننشل پاور رولز 2011 میں دیئے گئے مالیات اختیارات میں بھی کمی کر دی گئی۔اب محکمے بجلی،پانی، پیٹرول اور ٹیلی فون کی مد میں مہیا کئے گئے فنڈز کسی دوسری مد میں منتقل نہیں کر سکیں گے۔

31مارچ 24 کے بعد کوئی بھی محکمہ اپنے طور پر ایک مد سے دوسری مد میں فنڈز منتقل نہیں کر سکے گا۔محکمہ تعمیرات عامہ و مواصلات  وغیرہ کسی بھی مرمتی یا خصوصی مرمتی کیلئے مہیا کئیگئے فنڈزکے خلاف عارضی ملازم بھرتی نہیں کرسکیں گے۔سرکاری محکمے بجلی کے بل اوسط کی بنیاد پر ادائیگی نہیں کر سکیں گے۔

بجلی کے بلوں کی ادئیگی صرف بجلی کے میٹروں کے حساب سے ہی کی جا ئے گی۔محکمہ جنگلات بھی جنگلوں سے لکڑی نکالنے کے عارضی ملازم بھرتی نہیں کر سکے گا۔صرف خواتین ملازمین کی زچگی کی چھٹیوں کے دوران ان کی جگہ عارضی ملازم بھرتی کی جا سکیں گی۔

محکمہ تعلیم میں”لیو سیلری”مد ختم ہوجانے کے بعد کوئی بھی عوضی تقرری نہیں کی جا سکے گی۔رواں مالی سال کے لئے آمدنی کے  مختص اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں گے۔محکمہ مالیات(فنانس ڈیپارٹمنٹ) نے کفایت شعاری  کے لئے مالیاتی پالیسی سرکلر جاری کردیا۔