وکیل قتل کیس:چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کرنے والا بینچ تبدیل

351

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں وکیل قتل کیس کی ایف آئی آر میں نامزدگی کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی  کی اپیل پر سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کردیا گیا۔ 

نئے بینچ میں جسٹس مسرت ہلالی کی جگہ جسٹس محمد علی مظہر شامل ہوں گے، اس کیس کی سماعت 24 جولائی کو ہو گی۔ 

گزشتہ روز جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عمران خان کو 24 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

اس تبدیلی کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ میں جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند ہفتے پہلے کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ہوگئے تھے،وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔جس کے بعد 7 جون 2023 کو سنگین غداری کیس کے پٹیشنر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی چئیرمین کیخلاف درج کیا گیا تھا۔