دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹ کا اعزاز سنگاپور کو مل گیا

339

لندن: دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹ کا اعزاز سنگاپور کو مل گیا، جس  نے یہ ریکارڈ جاپان سے چھینا ہے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2023ء نے 192 سفری مقامات تک ویزا فری رسائی رکھنے کے باعث سنگاپور کو دنیا کا سب سے طاقت ور پاسپورٹ قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق خلیجی ممالک میں سے یو اے ای کا بارہواں نمبر ہے جب کہ قطر 52، کویت 54، بحرین 59، عمان 60 اور سعودی عرب 61ویں نمبر پر ہے۔ پانچ بار اوّل نمبر پر براجمان ہونے والا جاپان اس بار گراوٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا۔

190 ممالک یا مقامات تک ویزا کے بغیر جانے کی سہولت رکھنے والے یورپی ممالک جرمنی، اٹلی اور اسپین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ جاپان، آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، لکسمبرگ، جنوبی کوریا اور سویڈن تیسرے نمبر پر ہیں۔

6 سال کی تنزلی کے بعد برطانیہ 2 درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر آگیا۔ برطانیہ اس نمبر پر آخری بار 2017 میں آیا تھا۔ امریکا دہائیوں سے اس انڈیکس میں تنزلی کی جانب اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

رواں برس بھی امریکا صرف 184 مقامات تک بغیر ویزا کے رسائی کے ساتھ مزید دو نمبر گر کر آٹھویں نمبر پر آ گیا۔ یاد رہے کہ 2014 میں برطانیہ اور امریکا دونوں مشترکہ طور پر انڈیکس میں پہلی پوزیشن پر تھے۔ 103 ممالک کی فہرست میں بھارت کا نمبر 80 ہے۔ بھارتی پاسپورٹ پر 57 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جا سکتا ہے۔

فہرست میں پاکستان کا نمبر 100 واں ہے اور پاکستان کے بعد آخری تین نمبروں یعنی 101، 102 اور 103 پر براجمان بالترتیب شام، عراق اور افغانستان دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹ ہیں۔

یاد رہے کہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس اس فہرست کی تیاری میں 199 مختلف پاسپورٹوں کی ویزا فری رسائی کا 227 سفری مقامات سے موازنہ کرتا ہے۔ اگر ویزا کی ضرورت نہیں ہے، تو اس پاسپورٹ کے لیے 1 اسکور بنایا جاتا ہے۔