نیا مالی سال: بجٹ میں سپریم کورٹ کیلیے3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص

240

اسلام آباد: حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عدالت عظمیٰ کے لیے 3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق سپریم کورٹ کے لیے مختص رقم میں 50 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ مالی سال کے لیے سپریم کورٹ کا بجٹ 3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے، جب کہ گزشتہ مالی سال میں  عدالت عظمیٰ کے لیے 3 ارب 5 کروڑ 40 لاکھ 56 ہزار روپے رکھے گئے تھے۔

بجٹ میں  سپریم کورٹ کے  ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 2 ارب 84 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ آپریٹنگ اخراجات کے لیے 40 کروڑ 59 لاکھ 64 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ ملازمین کی پنشن کے لیے 17 کروڑ 90 لاکھ 26 ہزار روپے اور گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئےہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق ساز و سامان کی خریداری کے لیے7 کروڑ 65  لاکھ 10 ہزار روپے اورمرمت اور دیکھ بھال کی مد میں 3 کروڑ20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔