ماہیگیروں کا روزگار اور نوجوانوں کا مستقبل تباہی سے بچایا جائے، مولانا ہدایت الرحمن

739
ماہیگیروں کا روزگار اور نوجوانوں کا مستقبل تباہی سے بچایا جائے، مولانا ہدایت الرحمن

کوئٹہ: جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی بلوچستان حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ ٹرالرز،منشیاب مافیاز کولگام دیکر ماہی گیروں کے روزگار اور نوجوانوں کے مستقبل کو تباہی سے بچایا جائے، بارڈرزاور چیک پوسٹس پر لوگوں سے ناروا رویہ وبھتہ خوری بند کیا جائے۔

ایران سے اشیائے پٹرولیم ،ڈیزل ،خوردنی اشیاء پر پابندی ہٹائی جائے، افغان بارڈرزمعمولی معمولی تنازعات بند اورسیکورٹی فورسزکی جانب سے پاک افغا ن با رڈرپررشوت ،بھتہ خوری بند کی جائے، حقوق کے حصول کی جدوجہد میں بہتری اور وسعت لے آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں اور وفودسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مزدور،محنت کش تاجر ،طلباء سمیت پر طبقہ احتجاج پر اور پریشان ،حکمرانوں واسٹبلشمنٹ کے مظالم کا شکار ہے بلوچستان مسئلہ کاحل مذاکرات کے بغیر ممکن نہیں۔

حکمرانوں کو بلوچستان کے ناراض لوگوں سے مذاکرات کرنے ہوں گے، تاہم یہ حکمرانوں کی صوابدید پر ہے کہ بات چیت آج کریں یا 10،20سال بعدکریں، حل یہی ہے، ابھی نندن کے ساتھ حسن سلوک کرنے والے اورکلبھوشن کے ساتھ نرم رویہ رکھنے والے بلوچستان میں پہاڑوں پرجانے والوں کے ساتھ یہی رویہ کیوں اختیارنہیں کرتے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے دوسرے علاقوں کی نسبت بلوچستان میں ترقی نہ ہونے کے برابر ہے، بلوچستان میں بارڈر پر کاروبار کی بندش،مشکلات وتاجروں اورعوام کو بلاوجہ تنگ کرنا بند کیا جائے انڈیا کے ساتھ کوریڈور کھولا جاسکتاہے، تو ایران بارڈر پرکاروبار کیوں نہیں ہوسکتا۔

حکومت اگر خود بلوچستان کے لوگوں کو سہولت نہیں پہنچاسکتی، تو جو ممکنہ ذرائع ہیں انھیں بند نہ کرے یا رشوت ستانی کا ذریعہ نہ بنائے، چھوٹے کاروبار بند ہورہے ہیں اور بڑے مافیا سر اٹھارہے ہیں۔

انھوں نے کہا استحصالی مافیا نے پورے بلوچستان میں اپنے پنجے گاڑھے ہیں۔ عوام آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے، عوام کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی۔ عوامی حقوق کی بات کرناملک دشمنی نہیں، عوام کے حق کامطالبہ غداری نہیں۔