بنو قابل پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی تربیت کرنا ہے، محمد جاوید قصوری

381

لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بنوقابل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آئی ٹی اور ای کامرس کے آن لائن کورسز مفت کروائے جا رہے ہیں ، اس پروگرام میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی تاکہ انہیں دور حاضر کے تقاضوں سے روشناس کروایا جا سکے اور وہ آٹی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔

محمد جاوید قصوری نے کہاکہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیںہم ان کی صلاحیتوں کو نکھار قومی دھارے میں لائیں گے، سیاستدانوں کی مفاد پرستانہ پالیسیوں نے ریاست کو کمزور کیا ہے، نوجوان پریشان ہیں ترقی کے مواقع ناپید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بنو قابل ایک جماعت اسلامی کا انقلابی پروگرام ہے، جس کا مقصد نوجوانوںکی دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق تربیت کرنا ہے، نوجوان سیاسی ماحول سے مایوس ہوچکے ہیں تبدیلی کے نام پر نوجوانوں کے ساتھ کھیلواڑ کیا گیا۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کیلئے نوجوانوں کی اخلاقی و فنی تربیت کرنا ہو گا، دنیا اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی طرف جا رہی ہے،کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت سے موجودہ دور میں کسی کو بھی انکار نہیں ہے۔

محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ شعبہ ہائے حیات کا کوئی گوشہ ایسا نہیں ہے جہاں آج کمپیوٹر کی ضرورت یا اس کا استعمال نہ ہوتا ہو۔ پاکستان میں صرف ڈگری یافتہ لوگوں کی تعداد بڑھانے کی بجائے ہنرمند افراد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اسی صورت میں ہی مہارت کے خلا کو پُر کیا جا سکتا ہے۔